ماہ رمضان کی فضیلت

 


A family sitting on dinning table


تعارف

اللہ تعالی کے فضل و کرم سے رمضان المبارک کا  رحمتوں اور برکتوں  بھرا مہینہ شروع ہو چکا ہے۔ روزے آہستہ آہستہ  سردیوں کے موسم کی طرف آرہے ہیں۔عام طور پر یہ سرکل تقریباً بتیس سال بعد پورا ہوتا ہے اور روزے  شدید گرمی سے سردی کے موسم میں آتے ہیں۔ موسموں کے الٹ پھیر کو بھی اللہ تعالیٰ نے اپنی نشانیوں میں سے ایک نشانی قرار دیا  ہے۔اس طرح  ایک چالیس سال کے مسلمان کو تقریباً تمام قسم کے موسموں میں روزہ رکھنے کا شرف حاصل ہوتاہے ۔   "صوم" یا "صیام" کے الفاظ عربی زبان کے ہیں۔ عرب خود تو روزہ نہیں رکھتے تھے،  البتہ اپنے گھوڑوں کو رکھواتے تھے ۔ ا س طرح وہ گھوڑوں کو بھوک پیاس جھیلنے کا عادی بناتے تھے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ مہم کے دوران گھوڑا بھوک پیاس برداشت نہ کرسکے اور جی ہار دے ۔ روزے پہلی امتوں پر بھی فرض تھے اور اور روزے  کا عقیدہ دنیا کے دوسرے مذاہب میں بھی پایا جاتاہے۔روزہ ارکان اسلام کا اہم رکن ہے۔روزہ رکھنے سے انسان اپنے نفس کے گھوڑے پر قابو پاتا ہے۔رمضان ،زکوۃ ، صدقات اور خیرات کے ذریعے مساوات کا درس دیتاہے۔ یہ صبر کا مہینہ  ہے اور صبر کا اجرو ثواب جنت ہے۔جدید  دور کے مشہور نفسیات دان فرائیڈ کے مطابق  شہوانی خواہشات بہت سخت ہوتی ہیں۔خواہش جتنی مضبوط ہو گی اس پر قابو پانا اتنا ہی مشکل ہوتا ہے۔انسان کو عافیت اور عیش وآرام درکار ہےوہ دولت چاہتا ہےشہرت ( آج کے ڈیجیٹل دور میں سوشل میڈیا پر فالوورز میں اضافہ) چاہتا ہے اور یہ حب مال ،حب جاہ ،حب دنیا،علائق  دنیوی اور سازوسامان دنیاکی محبت ہی تو بندہ مومن کے راستے کی اصل رکاوٹ ہے۔روزہ رکھنے سے  نفس امارہ کے تقاضے، جسم کی حیوانی ضروریات، داعیات،خودی اور انائے کبیر پر ضبط ملتا ہے۔رمضان میں مومن کے رزق میں اضافہ ہوتا ہے۔آپ نے مشاہدہ کیا ہوگا کہ رمضان کے آغاز سے ہی بازاروں میں طرح طرح کے پھل  اور خاص کر ہر قسم کی کھجوریں وافر مقدار میں مہیا ہوتی ہیں۔ اور لوگوں کے لئے رمضان بازار کا اہتمام بھی کیا جا تا ہے۔لوگ اپنی اپنی بساط کے مطابق دوسروں کو  افطا ر کراتے ہیں اور مستحقین کو ضروری امداد مہیا کرتے ہیں، تاکہ وہ بھی رمضان المبارک کی برکات سے دامن  بھریں۔اس ماہ میں روزہ داروں کے لئے ایک خاص قسم کا سکون ہوتا ہے۔سحرو افطار کے مواقع پر دعاؤں کا خصوصی اہتمام ہوتا ہے۔ٹی وی چینلز پر سحر و افطار کے خصوصی پروگرام نشر ہوتے ہیں۔جس سے لوگوں  میں  اسلام اور قرآن سے  خصوصی وابستگی پیدا ہوتی ہے۔ اخبارات میں بھی نماز تراویح میں پڑھے جانے والے قرآن کا ترجمہ  اور مختصر تفسیر  روزانہ کی بنیاد پر لکھی جاتی ہے۔

برکات

رمضان المبارک کا پہلا عشرہ رحمت،دوسرا مغفرت اور تیسرا  آتش دوزخ سے نجات کا عشرہ ہے۔رمضان کی صحیح برکات سے مستفید ہونے کے لئے  ہمیں غیبت،جھوٹ،فحش باتوں اور بد زبانی سے پرہیز کرناچاہیے۔کوشش کریں  کہ رمضان کے مہینے میں قرآن پاک کی زیادہ سے زیادہ تلاوت کریں اور اپنے خاندان کے  لوگوں کو بھی  قرآن پاک کی تلاوت اور سیرت النبیﷺ کے مطالعے کی عادت ڈالیں۔فتح مکہ رمضان المبارک میں ہوا۔مملکت خدادا اسلامی جمہوریہ پاکستان رمضان کے بابرکت مہینے میں معرض وجود میں آیا۔رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں  سے ایک  رات میں قرآن پاک  نازل ہوا تھا۔ اس رات کو ایک ہزار مہینے سے افضل قرار دیا گیا ہے۔اس رات کو عبادت کی خصوصی اہمیت ہے، رمضان کے آخری عشرے میں اہل ایمان  اعتکاف  پر بیٹھ کر ہمہ وقت  عبادت میں مصروف رہتے ہیں اور اللہ تعالی کا قرب حاصل کرتے ہیں۔رمضان المبارک کا آخری جمعہ، جمعۃ الوداع کہلاتا ہے اور اس میں عبادت کی خصوصی اہمیت ہے۔اسلام چونکہ دین فطرت ہے اس لئے  سفر کے دوران  اور بیماری کی وجہ سے دوسرے دنوں میں  تعداد پوری کرنے  کا حکم ہے۔اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ روزہ میرے لئے ہے اور میں ہے اس کا اجر دوں گا۔ اللہ تعالی نے روزہ دار کے لئے دو خوشیاں رکھی ہیں، ایک خوشی وہ جو افطار کے وقت حاصل ہوتی ہے ،اور دوسری خوشی اس وقت حاصل ہوگی جب وہ قیامت کے روز اپنے پرور دگار سے جاکر ملاقات کرے گا ،اصل خوشی تو وہی ہے جو آخرت میں اللہ تعالی سے ملاقات کے وقت نصیب ہوگی ۔دنیاوی لحاظ سے روزہ  رکھنے کے بےشمار جسمانی، روحانی اور معاشرتی فوائد ہیں۔ روزے سے انسان کے نظامِ انہضام اور مرکزی دماغی یا اعصابی نظام کو مکمل آرام ملتا ہے اور غذا کے ہضم کرنے کا عمل نارمل حالت میں آجاتا ہے ۔ اہل ایمان کے لئے ماہ رمضان ایک طرح سے ایمان کی تازگی کا ذریعہ بنتا ہے۔ اسی لئے رمضان کے اختتام پر سچے روزہ داروں کو اداسی محسوس ہوتی ہے  اور وہ یہ خیال کرتے ہیں کہ شائد وہ دوبارہ رمضان المبارک کی  فضیلتوں سے مستفید ہو سکیں گے کہ نہیں۔اللہ تعالی ہمیں رمضان کی سعادتیں حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

نوٹ: محترم زاہد حسین چھیپا کی اسلام360 ایپ موبائل کے لئے ایک بہترین تحفہ ہے۔ ڈاؤن لوڈ لنک

Post a Comment

4 Comments

Minahil said…
May Allah shower his countless blessings upon us in this Holy Month. Ameen 💗
Zainab said…
سب کو رمضان مبارک
Omar Feroze said…
Science has also proven the spirit and spirituality of fasting in the holy month.
amjad said…
Dear all thanks for your views.